کراچی میں فشنگ ٹیکنالوجی میوزیم کا افتتاح، ماہی دوست ایپ کی سافٹ لانچنگ

news-banner

تازہ ترین - 05 جنوری 2026

کراچی: وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی میں فشنگ ٹیکنالوجی میوزیم کا افتتاح اور ماہی دوست ایپ کی سافٹ لانچنگ کر دی۔

 

میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ تعارفی تقریب میں وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد، ڈائریکٹر جنرل میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ منصور علی وسان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 

تقریب کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر میرین فشریز شفاعت حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یورپی ممالک عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے حاصل کی گئی سی فوڈ پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔ 

 

ماہی دوست ایپ کے ذریعے مچھلیوں کی اقسام، مقدار، کشتیوں کی تفصیلات اور دیگر اہم ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا۔

 

انہوں نے بتایا کہ ماہی گیر ایپ پر کشتی کی رجسٹریشن اور ڈیٹا درج کر سکیں گے، جبکہ جی پی ایس کے ذریعے مچھلی پکڑنے کے مقام کی نشاندہی ممکن ہوگی۔ 

 

استعمال ہونے والے جال اور پکڑی جانے والی مچھلی کی تعداد سے متعلق معلومات بھی ایپ میں شامل ہوں گی، جو یورپ اور امریکا کی کمپلائنس ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

 

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ فشنگ ٹیکنالوجی میوزیم اور ماہی دوست ایپ سمندری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور ماہی گیری کے شعبے میں ڈیجیٹل ٹریس ایبلٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں پاکستان کی سی فوڈ برآمدات 235 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں اور بلیو اکانومی پر توجہ دینا وزیراعظم کے وژن کا حصہ ہے۔

 

وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ فشنگ ٹیکنالوجی میوزیم تحقیق، تعلیم اور پالیسی سازی کے لیے قومی مرکز کے طور پر کام کرے گا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پائیدار ماہی گیری اور غیر قانونی و غیر رپورٹ شدہ ماہی گیری کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ ماہی دوست ایپ عالمی ماہی گیری معیارات سے ہم آہنگ ہے اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ماہی گیروں کو عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔