پنجاب میں وزراء، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا لیو الاؤنس بھی تنخواہ کے برابر کرنے کا فیصلہ ‘ ترمیمی بل پنجاب اسمبلی سے منظور

پاکستان - 03 جولائی 2025
پنجاب حکومت نے وزراء کی تنخواہوں میں اضافے کے بعد اب لیو الاؤنس میں بھی نمایاں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب عوامی نمائندگان کے قوانین (ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اب وزراء، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو چھٹی کی صورت میں بھی پوری تنخواہ دی جائے گی۔
ترمیمی بل کے تحت پنجاب منسٹرز (سیلری، الاؤنسز، پرولیجز) ایکٹ 1975 میں ترامیم کی جائیں گی۔ ان ترامیم کے بعد اگر کوئی وزیر یا نمائندہ رخصت پر جاتا ہے تو اس کی تنخواہ میں کٹوتی نہیں کی جائے گی، جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق:پہلے صوبائی وزراء کو ایک لاکھ روپے تنخواہ پر ایک ماہ کی چھٹی کی صورت میں صرف 74 ہزار روپے ملتے تھے،اب اس میں تبدیلی کے بعد انہیں 9 لاکھ 60 ہزار روپے ماہانہ مکمل تنخواہ ملے گی۔
اسی طرح:اسپیکر پنجاب اسمبلی کو پہلے 1 لاکھ 25 ہزار کی تنخواہ پر ایک ماہ کی چھٹی میں صرف 37 ہزار روپے دیے جاتے تھے،اب ترمیم کے بعد انہیں 9 لاکھ 50 ہزار روپے ملیں گے۔ڈپٹی اسپیکر کو پہلے 1 لاکھ 20 ہزار کی تنخواہ پر چھٹی کے دوران صرف 37 ہزار روپے ملتے تھے،جبکہ نئی ترمیم کے بعد انہیں مکمل 7 لاکھ 75 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق موجودہ لیو الاؤنس پچھلی تنخواہوں کے تناسب سے تھا، تاہم حالیہ اضافے کے بعد اسے نئی تنخواہوں کے برابر لانا ضروری ہو گیا تھا۔