سہیل وڑائچ کا فضا علی اور صبا قمر کی تنقید و نقل پر باوقار ردعمل‘ ’’نہ غصہ ہے نہ ناراضی‘‘

پاکستان - 03 جولائی 2025
سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے حالیہ دنوں میں اداکارہ فضا علی اور صبا قمر کی جانب سے کی گئی تنقید اور نقل پر انتہائی شائستہ اور مثبت انداز میں ردعمل دیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی کے عیدالاضحیٰ اسپیشل شو کے دوران فضا علی نے ایک سیگمنٹ میں سہیل وڑائچ کے لیے طنزیہ انداز میں ’واش روم کلینر‘ کا متبادل پیشہ تجویز کیا تھا، اور یہ بھی کہا کہ چونکہ وہ کئی اداکاراؤں کے واش رومز دیکھ چکے ہیں تو ممکن ہے انہوں نے صاف بھی کیے ہوں۔ اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا، اور کئی صارفین نے اسے غیر اخلاقی اور توہین آمیز قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام گفتگو دوستوں کے ڈرائنگ روم جیسی غیر رسمی بات چیت تھی، جس میں نہ نفرت کی گنجائش ہے اور نہ تلخی کی۔
دوسری جانب اداکارہ صبا قمر کی جانب سے کی گئی ان کی نقل پر سہیل وڑائچ نے خندہ پیشانی سے جواب دیتے ہوئے کہا:"مجھے اپنی میمز یا نقل سے کوئی مسئلہ نہیں۔ جو فنکار دوسروں کی نقل اتارتے ہیں، میں ان کا احترام کرتا ہوں کیونکہ وہ محنت کرتے ہیں۔ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ لوگ میری نقل کرتے ہیں۔"
سہیل وڑائچ کے اس مہذب اور مثبت رویے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، اور مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ وقار اور برداشت کا مظاہرہ صرف ایک باشعور اور مہذب شخصیت ہی کر سکتی ہے۔