تازہ ترین - 20 جنوری 2026
یورپ میں افغان انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، بیلجیم میں 170 سال قید کی سزائیں
دنیا - 20 جنوری 2026
یورپ میں افغان انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائی سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں نیٹ ورک کے مرکزی ملزمان کو برطانیہ سے بیلجیم منتقل کر دیا گیا ہے۔
افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث افغان نیٹ ورک کے سرغنہ ذیشان بنگش کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی اور بیلجیم پولیس کی مشترکہ کارروائی کے بعد افغان اسمگلرز کو بیلجیم منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خلاف مقدمات کی سماعت مکمل کی گئی۔
مرکزی ملزمان ذیشان بنگش اور اس کے ساتھی سیف الرحمن احمدزئی کو دسمبر 2024 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے ذیشان بنگش کو تین سال جبکہ احمدزئی کو دس سال قید کی سزا سنائی۔
افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق احمدزئی کو گزشتہ برس جون میں برطانیہ سے ملک بدر کر کے بیلجیم کی جیل منتقل کیا گیا تھا۔
برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک مہاجرین کو ایران، ترکیہ اور بلقان کے راستے فرانس اور بیلجیم پہنچانے میں ملوث تھا۔
رپورٹ کے مطابق افغان اسمگلرز نے ہزاروں مہاجرین کو غیر قانونی طور پر فرانس سے برطانیہ منتقل کیا، اس دوران پناہ گزینوں کے جنسی استحصال، بلیک میلنگ، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث رہے۔
بیلجیم کی عدالت نے اس نیٹ ورک کے 23 ارکان کو مجموعی طور پر 170 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ماہرین کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم نہ صرف یورپ بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔
دیکھیں

