بھارت میں کورونا سے زیادہ مہلک نیپاہ وائرس پھیل گیا، ٹی 20 ورلڈ کپ خطرے میں

news-banner

تازہ ترین - 27 جنوری 2026

بھارت میں کورونا سے بھی زیادہ خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے باعث صحت کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو گیا جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

 

 صورتحال کے پیشِ نظر ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔

 

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں سامنے آنے والا نیپاہ وائرس باراسات کے ایک نجی اسپتال سے پھیلا، جہاں اب تک پانچ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں تین طبی عملے کے ارکان شامل ہیں جو متاثرہ مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔

 

تمام مریضوں کو فوری طور پر کولکتہ کے متعدی امراض کے خصوصی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تقریباً 100 افراد کو سخت نگرانی اور قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

 

1998 میں پہلی بار دریافت ہونے والا نیپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والا مرض ہے، جو زیادہ تر چمگادڑوں کے ذریعے پھیلتا ہے۔

 

 عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اس وائرس کی شرحِ اموات 40 سے 75 فیصد تک ہے، جو اسے کورونا وائرس کے مقابلے میں کہیں زیادہ مہلک بناتی ہے۔

 

نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ نے بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے، اور اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے۔

 

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک نیپاہ وائرس کی کوئی ویکسین دستیاب نہیں۔