تازہ ترین - 10 فروری 2026
آئی فون 18 پرو میں ایسا منفرد فیچر متعارف ہونے کا امکان جو کسی اور فون میں موجود نہیں
تازہ ترین - 30 جنوری 2026
ایپل کی جانب سے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس میں ایک انقلابی فیچر متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو اس وقت کسی بھی دوسرے اسمارٹ فون میں دستیاب نہیں۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق ایپل سیٹلائیٹ کے ذریعے ڈائریکٹ کالنگ کی سہولت متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین بغیر سیلولر نیٹ ورک کے سیٹلائیٹس کے ذریعے کال کر سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے ایپل کی جانب سے اسپیس ایکس سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں تاکہ اسٹار لنک سیٹلائیٹ نیٹ ورک استعمال کیا جا سکے۔
فی الحال آئی فونز میں سیٹلائیٹ میسجنگ پر مبنی ایمرجنسی سروس دستیاب ہے، جس کے ذریعے ان مقامات سے امدادی اداروں سے رابطہ ممکن ہوتا ہے جہاں موبائل یا انٹرنیٹ نیٹ ورک موجود نہیں ہوتا۔
رپورٹ کے مطابق ایپل اس وقت گلوبل اسٹار کے سیٹلائیٹس استعمال کر رہا ہے، تاہم یہ شراکت داری ختم ہونے کے قریب ہے، اسی لیے سیٹلائیٹ کالنگ کے لیے نئے پارٹنرز پر غور کیا جا رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کے لیے کسی اضافی ہارڈویئر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ایپل ایک ایسا اے پی آئی بھی تیار کر رہا ہے جس سے ایپ ڈویلپرز اپنی ایپس میں سیٹلائیٹ کنیکٹیوٹی شامل کر سکیں گے۔
ایپل میپس کے ایسے ورژن پر بھی کام جاری ہے جو سیلولر یا وائی فائی کے بغیر نیویگیشن فراہم کرے گا، جبکہ سیٹلائیٹ میسجز میں تصاویر کی سپورٹ شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ صارفین اس وقت بھی سیٹلائیٹ سے منسلک ہو سکیں گے جب فون کا رخ براہِ راست آسمان کی جانب نہ ہو۔
ایپل کی جانب سے ان رپورٹس پر باضابطہ ردِعمل نہیں دیا گیا، تاہم ان دعوؤں کی حقیقت کا اندازہ ستمبر 2026 میں آئی فون 18 سیریز کی لانچ کے وقت ہو سکے گا۔
دیکھیں

