مائیکروسوفٹ کا پاکستان سے انخلا — 25 سالہ آپریشنز کا اختتام

news-banner

پاکستان - 03 جولائی 2025

مائیکروسوفٹ نے پاکستان میں اپنے تمام آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے ساتھ ہی عالمی ٹیکنالوجی کی اس بڑی کمپنی کا ملک میں 25 سالہ سفر ختم ہو گیا ہے۔

 

معروف مالیاتی ادارے بلومبرگ کے مطابق مائیکروسوفٹ کے کنٹری منیجر جواد رحمان نے اس فیصلے کو ایک "دور کے خاتمے" سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سات برسوں کے دوران کمپنی کی قیادت کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کی تشکیل اور صارفین کی خدمات انجام دیں بلکہ پاکستان بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

 

جواد رحمان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک ملازمت نہیں بلکہ اُن کا خواب تھا، جس کے ذریعے انہیں لوگوں کی ترقی، مؤثر شراکت داری، اعتماد سازی اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے جیسے اہداف حاصل کرنے کا موقع ملا۔

 

پاکستان میں مائیکروسوفٹ نے اپنے قیام کے دوران دور دراز علاقوں میں سینکڑوں کمپیوٹر لیبز قائم کیں، جس سے ٹیکنالوجی تک رسائی ممکن ہوئی۔

 

ذرائع کے مطابق کمپنی نے حال ہی میں اپنے پاکستانی ملازمین کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے کہ وہ ملک میں اپنا تمام آپریشن مکمل طور پر ختم کر رہی ہے۔

 

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں مائیکروسوفٹ کے اندر اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، اور کمپنی کے کچھ ملازمین کو احتجاج پر ملازمت سے برخاست بھی کیا جا چکا ہے۔