سانحہ بھاٹی گیٹ: ملزمان عدالت پیش، چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

news-banner

پاکستان - 31 جنوری 2026

لاہور: بھاٹی گیٹ میں ماں بیٹی کے نالے میں گر کر جاں بحق ہونے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا اور چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 

سینئر جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس مگھیانہ نے سماعت کی۔ پولیس نے چودہ روزہ ریمانڈ کی درخواست کی تھی جس کی وکیل نے مخالفت کی۔ 

 

عدالت نے ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سنانے کے بعد چار روزہ ریمانڈ منظور کیا۔

 

ملزمان پروجیکٹ منیجر اصغر علی، سیفٹی انچارج محمد ہنزلہ، سائٹ انچارج احمد نواز، کمپنی ڈائریکٹر سلمان یاسین اور عثمان یاسین کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔

 

وکیل ملزمان نے سماعت کے دوران بتایا کہ متاثرہ خاندان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک کروڑ روپے دیے جا چکے ہیں، جبکہ اکاؤنٹ میں مزید بارہ کروڑ روپے موجود ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت صرف دفعہ 322 کے تحت دیت دی جا سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس مقدمے میں دفعہ 316 بھی شامل کی گئی ہے۔

 

وکیل نے کہا کہ یہ ایک بہت افسوسناک واقعہ ہے اور ہم متاثرہ خاندان اور عدالت کی مکمل مدد کے لیے تیار ہیں۔

 

بعدازاں سینئر جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ بھاٹی گیٹ میں مقدمہ درج ہے۔