چیا کے بیج بھوک کم کرنے اور دماغی سوزش کم کرنے میں مددگار، تحقیق میں انکشاف

news-banner

تازہ ترین - 01 فروری 2026

نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چیا کے بیج نہ صرف جسم کو نقصان دہ الٹرا پروسیسڈ خوراک کے اثرات سے بچاتے ہیں بلکہ دماغی سوزش کو کم کرنے اور بھوک کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ہیں۔

 

ماہرین کے مطابق چیا کے بیج قدرتی طور پر بھوک کم کرنے والی ادویات جیسے اوزیمپک اور ویگووی کا متبادل ہو سکتے ہیں۔

 

برازیل کی فیڈرل یونیورسٹی آف ویکوسا کے سائنسدانوں نے چوہوں پر تجربات کیے۔ 

 

ایک گروپ کو آٹھ ہفتے تک چکنائی اور شکر سے بھرپور خوراک دی گئی، جبکہ دوسرے گروپ کو چیا کا تیل یا آٹا دیا گیا تاکہ غیر صحت مند خوراک کے اثرات کا مطالعہ کیا جا سکے۔


چیا کا تیل دماغ میں ایسے جینز کو فعال کرتا ہے جو بھوک کم کرنے والے پروٹین (POMC اور CART) پیدا کرتے ہیں۔ 

 

چیا کا آٹا براہِ راست دماغ کے ریسیپٹرز سے جڑ کر بھوک کم کرنے میں مددگار ثابت ہوا۔

 

دونوں صورتوں میں دماغ کی لیپٹن ہارمون کی کارکردگی بہتر ہوئی، جو عام طور پر بھوک کو کنٹرول کرتی ہے لیکن زیادہ چکنائی والی خوراک سے متاثر ہو جاتی ہے۔ 

 

چیا کے بیج دماغی سوزش کو بھی کم کرتے ہیں، جو غیر صحت مند خوراک کی وجہ سے بڑھ جاتی ہے۔

 

اگرچہ چوہوں کا وزن کم نہیں ہوا، کیونکہ وہ انتہائی زیادہ کیلوریز والی خوراک کھا رہے تھے، لیکن دماغی فوائد واضح طور پر نظر آئے۔


چیا کے بیج اومیگا-3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہیں اور مکمل پروٹین فراہم کرتے ہیں، یعنی تمام نو ضروری امینو ایسڈز موجود ہیں۔ 

 

یہ موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

 

تحقیق کے مطابق چیا کے آٹے اور تیل کا استعمال غیر متوازن خوراک کے ساتھ جڑے میٹابولک امراض کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔