مردوں میں امراض قلب کا خطرہ 35 سال کی عمر کے بعد تیزی سے بڑھنے لگتا ہے، تحقیق میں انکشاف

news-banner

تازہ ترین - 01 فروری 2026

دنیا بھر میں امراض قلب سب سے زیادہ اموات کا سبب بنتے ہیں، اور مردوں میں خواتین کے مقابلے میں یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

 

امریکہ کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مردوں میں امراض قلب کا خطرہ 30 سے 40 سال کی عمر کے درمیان تیزی سے بڑھنا شروع ہو جاتا ہے، یعنی خواتین کے مقابلے میں تقریباً سات سال قبل۔

 

اس طویل المدتی تحقیق میں 5,100 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا جن کی عمریں 1980 کی دہائی کے وسط میں 18 سے 30 سال کے درمیان تھیں اور ان کی صحت کا جائزہ 2020 تک لیا گیا۔ 

 

تمام شرکاء تحقیق کے آغاز میں صحت مند تھے، جس سے محققین یہ جاننے میں کامیاب ہوئے کہ خطرہ کب بڑھنا شروع ہوتا ہے۔

 

نتائج کے مطابق 50 سال کی عمر میں مردوں کا خطرہ خواتین کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

 

 ہارٹ فیلیئر اور ہارٹ اٹیک بھی مردوں میں جلد ظاہر ہوتے ہیں، جبکہ فالج کا خطرہ دونوں جنسوں میں تقریباً برابر ہوتا ہے۔

 

محققین نے کہا کہ امراض قلب دہائیوں میں بڑھتے ہیں اور ابتدائی علامات نوجوان افراد میں شناخت کی جا سکتی ہیں۔

 

 تمباکو نوشی، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسے عوامل خطرہ بڑھاتے ہیں، مگر مردوں میں یہ خطرہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

 

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ 35 سال کی عمر مردوں کے لیے اہم ہے، کیونکہ اس کے بعد خطرہ تیزی سے بڑھنا شروع ہو جاتا ہے اور درمیانی عمر تک جاری رہتا ہے۔

 

 نتائج جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئے۔