پاکستان - 07 فروری 2026
سندھ طاس معاہدے کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتے ہیں: وزیراعظم
پاکستان - 02 فروری 2026
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبی ذخائر کا تحفظ قومی سلامتی، ماحولیاتی استحکام اور سماجی فلاح کے لیے انتہائی ضروری ہے، اور پاکستان سندھ طاس معاہدے کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر مکمل یقین رکھتا ہے۔
آبی ذخائر کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن پاکستان اور دنیا بھر کو آبی ذخائر کے دیرپا تحفظ اور مؤثر انتظام کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر کا تحفظ صرف موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کا ماحولیاتی فریضہ نہیں بلکہ سماجی فلاح و بہبود کی ضمانت بھی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انڈس واٹرز ٹریٹی 1960 کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر قائم ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس آبی ذخائر کا عالمی دن “آبی ذخائر اور روایتی علم: ثقافتی ورثے کی پاسداری” کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے، جو آبی ذخائر کی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1971 کے عالمی آبی ذخائر معاہدے کا رکن ہے، جس کا مقصد آبی ذخائر کے پائیدار استعمال اور تحفظ کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قابلِ اعتماد آبی ذخائر ماحولیاتی اور معاشی چیلنجز، خشک سالی، سیلاب اور شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جھیلیں، گلیشیئرز، اندرونی آبی ذخائر، ساحلی علاقے اور مینگرووز حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور پانی کے مؤثر نظم و نسق کے لیے نہایت اہم ہیں۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ آبی ذخائر میں کمی روزگار کے مواقع گھٹنے، غذائی مہنگائی میں اضافے اور سیلاب و خشک سالی جیسے مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ آبی ذخائر کو قومی، ماحولیاتی، سماجی اور ثقافتی اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ممالک کے درمیان پانی کے منصفانہ، قانونی اور پرامن استعمال کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔
دیکھیں

