پاکستان - 05 فروری 2026
وزیراعظم شہباز شریف: بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے، کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے
پاکستان - 05 فروری 2026
مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو اسی زبان میں جواب دے گا جس میں وہ بات کرے گا، اور عظیم قربانیوں کے ذریعے کشمیر کی آزادی ممکن ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کشمیری عوام سے پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے تحریک آزادی کشمیر کے قائدین اور عوام کو خراج عقیدت پیش کیا اور سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت اپنی ناکامیوں کے بعد پراکسی ذرائع سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ پاکستان نے عسکری اور سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم ختم کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، تاہم پاکستان برابری کی سطح پر امن کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے مہاجرین کا ماہانہ وظیفہ 3,500 سے بڑھا کر 6,000 روپے کرنے، مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس قائم کرنے، مزید لیپ ٹاپس کی فراہمی اور اسکولوں کی مرمت کیلئے فنڈز دینے کا اعلان بھی کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور سپیکر چودھری لطیف اکبر نے کشمیری عوام کے عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان سے مضبوط رشتے کا اعادہ کیا اور کشمیر کی آزادی پر یقین کا اظہار کیا۔
دیکھیں

