پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، دوطرفہ تعلقات مستحکم

news-banner

پاکستان - 05 فروری 2026

اسلام آباد: پاکستان اور ازبکستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) پر دستخط کیے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کا عمل آگے بڑھا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزایوف نے بھی مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔

 

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں 28 معاہدوں اور MoUs کا تبادلہ ہوا، جس میں خارجہ امور، دفاع، انٹر ریجنل فورمز، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ، زرعی تحقیق، پلانٹ پروٹیکشن، کھیل، منشیات کی روک تھام، کان کنی اور جیو سائنسز، قیدیوں کے تبادلے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس، تعلیم، ثقافتی ورثہ، میری ٹائم، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، چھوٹے اور درمیانے کاروبار، اور ثقافتی تعاون جیسے شعبے شامل ہیں۔

 

دوطرفہ قریبی تعلقات کے اعتراف میں پاکستان نے ازبک صدر شوکت مرزایوف کو اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔

 

اس سے قبل ازبک صدر اعلیٰ وزارتی وفد کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کرنے پہنچے، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔ 

 

وفد کو جدید دفاعی نظام، صنعتی صلاحیتیں اور تکنیکی شعبوں پر بریفنگ دی گئی اور پاکستان میں تیار کیے جانے والے جدید دفاعی آلات کا معائنہ کرایا گیا۔ 

 

وفد نے دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں پاکستان کی مہارت کی تعریف کی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا، دونوں ممالک نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔ 

 

یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کی اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔