ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تنازع: سابق انگلش کپتان کی آئی سی سی پر کڑی تنقید، پاکستان اور بنگلادیش کی حمایت

news-banner

کھیل - 05 فروری 2026

انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کرکٹ مبصر ناصر حسین نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تنازع میں پاکستان اور بنگلادیش کے مؤقف کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے آئی سی سی کے کردار پر شدید سوالات اٹھا دیے ہیں۔

 

برطانوی پوڈکاسٹ میں سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے دونوں ممالک کے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کے فیصلے کو جرات مندانہ اور اصولی قرار دیا۔

 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہونا ہے، تاہم بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت جانے سے انکار کیا، جس کے بعد اسے ایونٹ سے باہر کر دیا گیا۔

 

ناصر حسین نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے مستفیض الرحمان کی بھرپور حمایت کو سراہا، جنہیں آئی پی ایل میں منتخب ہونے کے باوجود کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اچانک اسکواڈ سے نکال دیا تھا۔

 

ان فیصلوں کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی، جب پاکستان نے بنگلادیش کے حق میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک-بھارت میچ غیر یقینی کا شکار ہو گیا ہے۔

 

ناصر حسین نے کرکٹ میں بڑھتی ہوئی سیاست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کا مقصد قوموں کو قریب لانا تھا، مگر اب یہی کھیل فاصلے بڑھا رہا ہے۔ 

 

انہوں نے ایشیا کپ 2025 میں ہاتھ نہ ملانے اور ٹرافی لینے سے انکار جیسے واقعات کو بھی مایوس کن قرار دیا۔

 

انہوں نے آئی سی سی سے یکساں رویے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر یہی درخواست بھارت کی جانب سے آتی تو کیا فیصلہ مختلف ہوتا؟

 

 ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بھارتی شائقین طاقت کو پیسے سے جوڑتے ہیں، لیکن اصل طاقت کے ساتھ ذمہ داری بھی ہوتی ہے، اور اگر چھوٹے ممالک کو مسلسل نظرانداز کیا گیا تو عالمی کرکٹ کا توازن مزید بگڑ جائے گا۔