ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے بعد پاکستان کا اصل حریف کون؟

news-banner

کھیل - 05 فروری 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد ایک بڑا سوال سامنے آ گیا ہے کہ اب ٹورنامنٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا حریف کون ہوگا؟

 

شائقین کرکٹ ایک بار پھر پاک بھارت مقابلہ دیکھنے کے منتظر تھے، مگر آئی سی سی میں موجود بھارتی قیادت کی مبینہ سیاسی مداخلت نے کھیل کی روح کو متاثر کر دیا ہے۔

 

پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد گروپ کی صورتحال مکمل طور پر بدل گئی ہے۔

 

بھارت سے میچ نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے خلاف میچز میں تقریباً لازمی فتوحات سے مشروط ہو گئی ہے۔ 

 

ان میچز میں کسی بھی قسم کی لغزش پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

 

تاہم ان ٹیموں سے زیادہ پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ موسم بنتا جا رہا ہے۔

 

پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں، جہاں غیر متوقع بارشیں کھیل کو شدید متاثر کر سکتی ہیں۔ 

 

سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے پاکستان کے افتتاحی میچ کے دوران بھی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

 

اگر کسی بھی میچ کا نتیجہ نہ نکل سکا تو پاکستان نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر پیچھے رہ سکتا ہے بلکہ نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے بھی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں کمزور پوزیشن میں چلا جائے گا۔