پاکستان - 05 فروری 2026
نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن منظور، وزارتِ خزانہ کو ارسال: گورنر اسٹیٹ بینک
کاروبار - 05 فروری 2026
اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اسٹیٹ بینک بورڈ سے منظور ہو چکے ہیں اور حتمی منظوری کے لیے وزارتِ خزانہ کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی منظوری کے بعد نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جائیں گے، جبکہ پانچ ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
اجلاس کے دوران سینیٹر عبدالقادر نے سپر ٹیکس کی وصولی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عوام تین سے چار سال کا ٹیکس ایک ساتھ کیسے ادا کریں گے۔
انہوں نے ایف بی آر کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوری ادائیگی کے بجائے سپر ٹیکس اقساط میں وصول کیا جانا چاہیے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آئینی عدالت نے سپر ٹیکس کو پارلیمان کا اختیار قرار دیا ہے، تاہم اس فیصلے سے عوام پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی طبقے پر بار بار ٹیکس لگانا پائیدار ریونیو ماڈل نہیں۔
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر بعض کیسز میں سپر ٹیکس کی اقساط کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس کی مجموعی وصولی 217 ارب روپے ہے، جبکہ ٹیکس دہندگان کو فون پر پیغامات بھیجنے سے ان کی تعداد میں 10 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے بھی تصدیق کی کہ انہیں ایف بی آر کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے۔
دیکھیں

