اسلام آباد خودکش دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

news-banner

پاکستان - 07 فروری 2026

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے خودکش دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ اور امام بارگاہ جامع صادق میں ادا کر دی گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں گیارہ جبکہ امام بارگاہ جامع صادق میں تین شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، اس کے علاوہ مجموعی طور پر 33 شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کی گئی۔

 

نمازِ جنازہ میں وفاقی وزراء، اعلیٰ پولیس حکام، تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

 جب شہداء کی میتیں نماز کے لیے لائی گئیں تو فضا سوگوار ہو گئی اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

 

امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں نمازِ جنازہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے پڑھائی، جبکہ امام بارگاہ جامع صادق جی نائن میں آغا شیخ محمد شفا نجفی نے نمازِ جنازہ کی امامت کی۔

 

دونوں مقامات پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔

 

 شرکاء نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی، جبکہ دہشت گردوں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔