کراچی: شوگر کے مریضوں کے لیے ٹانگیں بچانے کے جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ قائم

news-banner

تازہ ترین - 09 فروری 2026

کراچی کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں شوگر اور السر کے مریضوں کی ٹانگیں کٹنے سے بچانے کے لیے جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ قائم کر دیا گیا ہے۔

 

یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ ہے۔ 

 

اس سہولت کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ یہ کامیابی ماہر ڈاکٹروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور جدید سرجری کے ذریعے مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ 

 

انہوں نے کہا کہ شوگر اور السر کے مریضوں میں اعضاء کے کٹنے کے واقعات میں واضح کمی متوقع ہے۔

 

وزیر صحت سندھ نے نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر کو ہدایت دی کہ ڈیپارٹمنٹ کو فوری بہتر بنایا جائے اور 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔

 

کراچی میں بڑھتے ہوئے سگ گزیدگی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کی تعداد میں کمی لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ 

 

شہر کی بڑھتی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے دو مزید جدید ٹراما سینٹرز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

 

ڈاکٹر صابر میمن کے مطابق، وی ٹیک ہائبرڈ ویسکولر سوئیٹ ویسکولر سرجری میں ایک انقلابی قدم ہے، خاص طور پر ٹراما، ذیابیطس کے مریضوں کے پاؤں، شریانوں کی بیماریوں اور دیگر اعضا کو لاحق شدید خطرات کے علاج کے لیے۔