ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس 2025 جاری، پاکستان کی درجہ بندی میں بتدریج بہتری

news-banner

کاروبار - 10 فروری 2026

مسلسل اصلاحات کے باعث پاکستان کے کرپشن اسکور اور عالمی رینکنگ میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔

 

 ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پرسیپشن انڈیکس (CPI) 2025 جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں معمولی مگر مسلسل بہتری سامنے آئی ہے۔

 

 2024 کے مقابلے میں پاکستان کا اسکور ایک پوائنٹ اضافے کے ساتھ 28 ہو گیا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک درجہ بہتری کے ساتھ 136ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

 

 ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برسوں سے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے باعث بہتری کا یہ رجحان برقرار ہے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ سے متعلق بدعنوانی کے اشاریوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔

 

2025 کی رپورٹ میں 182 ممالک کا جائزہ لیا گیا، جو 2024 کے مقابلے میں دو ممالک زیادہ ہیں۔

 

 رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران پاکستان میں بدعنوانی کے تاثر میں واضح کمی آئی ہے اور چار سالوں میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی چار درجے بہتر ہوئی ہے۔

 

واضح رہے کہ دسمبر 2025 میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی سالانہ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا تھا کہ تین میں سے دو شہریوں کو سرکاری اداروں میں کبھی بدعنوانی یا بے ضابطگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔