دنیا - 11 فروری 2026
وزارت خزانہ کی تیاری مکمل نہ ہو سکی، پانڈا بانڈز کے اجرا میں چوتھی بار تاخیر
کاروبار - 11 فروری 2026
وزارت خزانہ کی نامکمل تیاری کے باعث رواں ماہ فروری میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز کے اجرا کا منصوبہ ایک بار پھر مؤخر کر دیا گیا ہے۔
فروری کے پہلے ہفتے میں بانڈز جاری نہ ہو سکے جس کے بعد تاریخ کا اعلان بھی تاحال نہیں کیا جا سکا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ ماہ پانڈا بانڈز کے اجرا کے لیے پُرامید ہے، تاہم وزارت خزانہ کی ورکنگ ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔
رواں مالی سال کے دوران پانڈا بانڈز کے اجرا میں یہ چوتھی بار تبدیلی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو اپریل 2026 میں 1.2 ارب ڈالر مالیت کے یوروبانڈز کی ادائیگی بھی کرنا ہے، جس کے لیے مالی انتظامات پر کام جاری ہے۔
پانڈا بانڈز کے اجرا کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے 95 فیصد تک گارنٹی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ چین کی انٹر بینک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرے گا، جس کے ذریعے ابتدائی طور پر 25 کروڑ ڈالر کے مساوی چینی یوآن اکٹھے کیے جائیں گے۔
بانڈز کی مدت تین سال ہوگی جبکہ شرح منافع مقررہ فکسڈ ریٹ پر، سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی توقع ہے۔
دیکھیں

