دنیا - 11 فروری 2026
سائنس اور ٹیکنالوجی میں خواتین کا کردار ملکی ترقی کی بنیاد ہے: صدر مملکت
تازہ ترین - 11 فروری 2026
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے پاکستانی خواتین کی صلاحیت، عزم اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے CEDAW کے تحت اپنے عالمی وعدوں پر قائم ہے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کی جامعات میں خواتین طلبہ کی تعداد 50 فیصد سے تجاوز کر جانا خوش آئند پیش رفت ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین تعلیم اور تحقیق کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین انجینئرنگ، میڈیکل، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں تحقیق اور جدت کی قیادت کر رہی ہیں۔
صدرِ مملکت نے COMSTECH کے پلیٹ فارم کے ذریعے مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کے فروغ میں خواتین کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ممتاز سائنسدانوں نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین پوری قوم کا فخر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مثبت تبدیلی ممکن ہے اور خواتین پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید روشن بناتی رہیں گی۔
دیکھیں

