پاکستان تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں ایک اور بڑا سیاسی دھچکا

news-banner

پاکستان - 12 فروری 2026

مظفرآباد: پاکستان تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں ایک اور بڑا سیاسی جھٹکا لگنے جا رہا ہے، جہاں مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ کوٹلہ سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار تبارک علی آج مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کریں گے۔

 

سردار تبارک علی کی باقاعدہ شمولیتی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

 

 انجینئر امیر مقام سردار تبارک علی کو مسلم لیگ (ن) کا مفلر پہنا کر جماعت میں شامل کریں گے۔

 

تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی شریک ہوں گے، جبکہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر، مشتاق منہاس، طارق فاروق، بیرسٹر افتخار گیلانی، نجیب نقی اور دیگر رہنما بھی شرکت کریں گے۔

 

سردار تبارک علی اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کریں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد تقریب میں موجود ہوگی۔