وزیراعظم آزاد کشمیر کا 61ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب، پولیس کے کردار اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

news-banner

پاکستان - 12 فروری 2026

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں منعقدہ 61ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر پولیس کے کردار، قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اور انتظامی پیچیدگیوں کے باوجود آزاد کشمیر پولیس نے ہر قسم کی غیر یقینی صورتحال میں صفِ اول کے دستے کا کردار ادا کیا اور ہمت، حوصلے اور دانشمندی کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ 

 

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس کے جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے شمار قربانیاں دے رہے ہیں۔

 

فیصل ممتاز راٹھور نے زلزلہ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پولیس کی ریسکیو خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور پولیس و مسلح افواج کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لیے مختص بجٹ کو دگنا کیا جا رہا ہے، جبکہ شہدا پولیس پیکج کا از سرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔

 

 انہوں نے پولیس ٹریننگ سکول میں مارچ بیٹ کی پختگی اور خواتین ریکروٹس کے لیے علیحدہ بیرکس کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کی تنخواہوں اور مراعات کو پنجاب پولیس کے برابر کیا جائے گا اور رمضان المبارک کے بعد تینوں ڈویژنز میں پولیس دربار منعقد کیے جائیں گے۔

 

نئے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں، کیونکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور پولیس کی وردی وقار اور عزت کی علامت ہے۔