جماعتِ اسلامی کے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی، مقدمہ درج

news-banner

پاکستان - 15 فروری 2026

کراچی: جماعتِ اسلامی کے احتجاج کے دوران سندھ اسمبلی کے باہر پیش آنے والے ہنگامہ آرائی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

 

پولیس حکام کے مطابق زخمی پولیس افسر راجہ مسعود کی مدعیت میں تھانہ آرام باغ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت ہے، جبکہ مقدمے میں 30 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

 

مقدمے کے متن کے مطابق جماعتِ اسلامی کے کارکنان برنس روڈ پر احتجاج کر رہے تھے۔ 

 

پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے پولیس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پتھراؤ سے دو ایس ایچ اوز سمیت چار پولیس افسران زخمی ہوئے۔

 

پولیس کے مطابق موقع سے گولیوں کے خول، 15 ڈنڈے، پتھر اور 79 آنسو گیس شیل برآمد ہوئے، جبکہ پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ 

 

ریڈ زون میں داخلے پر پولیس اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے سندھ اسمبلی کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی تھی، جس پر رینجرز کو طلب کیا گیا، جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے دوران ایک کارکن زخمی بھی ہوا تھا۔