صدر ٹرمپ کی ڈیڈ لائن؛ امریکی طیارے ایران کے قریب پوزیشن سنبھالنے لگے

news-banner

دنیا - 21 فروری 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو واضح 10 سے 15 روز کی ڈیڈ لائن دے دی ہے کہ وہ نئے جوہری معاہدے پر پہنچیں۔

 

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے دی گئی مدت کے دوران مذاکرات نہ کیے تو بڑا فوجی حملہ کیا جائے گا۔

 

ڈیڈ لائن کے اعلان کے بعد یورپ میں تعینات امریکی فضائیہ نے ایران کے قریب عسکری پوزیشنز سنبھالنا شروع کر دی ہیں۔ 

 

پرتگال کے ایک جزیرے پر قائم امریکی ایئربیس پر جنگی طیاروں اور معاون فضائی اثاثوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے تاکہ ممکنہ آپریشنز کے لیے تیاریاں مکمل ہوں۔

 

مشہور امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر کسی بھی امریکی حملے کے نتائج ناقابلِ پیش گوئی ہو سکتے ہیں اور یہ اقدام پورے مشرقِ وسطیٰ کو نئی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

 

برطانوی میڈیا نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ٹرمپ ایران کی اعلیٰ قیادت کو براہِ راست نشانہ بنانے پر غور کر رہے ہیں جبکہ کچھ رپورٹس میں محدود حملوں کا بھی ذکر آیا ہے۔ 

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائی کا مقصد صرف فوجی کارروائی نہیں بلکہ ایرانی حکومت پر دباؤ ڈال کر نظام کی تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔

 

ایران کی جانب سے ابھی تک باضابطہ ردعمل نہیں آیا، تاہم ماضی میں ایرانی حکام واضح کر چکے ہیں کہ کسی بھی حملے کی صورت میں سخت جواب دیا جائے گا۔