پی کے ایل آئی لاہور میں روبوٹ کی مدد سے لبلبے کے کینسر کی کامیاب سرجری

news-banner

تازہ ترین - 15 فروری 2026

لاہور: پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) میں روبوٹ کی مدد سے لبلبے کے کینسر کی ایک پیچیدہ اور کامیاب سرجری انجام دے دی گئی ہے، جو جدید طبی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

 

پی کے ایل آئی کے ڈین ڈاکٹر فیصل سعود ڈار نے بتایا کہ ادارہ اب تک 500 سے زائد روبوٹک سرجریز کامیابی سے مکمل کر چکا ہے۔ 

 

ان کے مطابق روبوٹک سرجری کے ذریعے بڑے اور پیچیدہ آپریشنز اب چھوٹی کٹس کے ذریعے ممکن ہو گئے ہیں، جس سے مریضوں کی تکلیف کم اور صحت یابی کا دورانیہ تیز ہو جاتا ہے۔

 

ڈاکٹر فیصل سعود ڈار نے مزید بتایا کہ پی کے ایل آئی میں جگر کے کینسر کی انتہائی پیچیدہ سرجریز بھی روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دی جا چکی ہیں، جو پاکستان میں جدید سرجری کے فروغ کی واضح مثال ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی تیزی سے جدید اعضا کی پیوندکاری اور کینسر سرجری کا ایک بڑا اور قابلِ اعتماد مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

ماہرین کے مطابق جگر اور لبلبے کے کینسر اکثر جان لیوا ثابت ہوتے ہیں اور ان کا علاج نہایت مشکل سمجھا جاتا ہے، تاہم بروقت اور کامیاب سرجری سے مریضوں کے بچنے کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔