ٹرمپ: ایران سنگین نتائج سے بچنے کے لیے معاہدہ چاہتا ہے، جوہری مذاکرات میں بالواسطہ شامل ہوں گے

news-banner

دنیا - 17 فروری 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر ایک جوہری معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے تاکہ سنگین نتائج سے بچا جا سکے۔

 

 ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جوہری مذاکرات میں بالواسطہ طور پر شامل ہوں گے اور یہ بات چیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

 

صدر کے اعلیٰ معاونین اسٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر پہلے ہی جنیوا روانہ ہو چکے ہیں، جہاں آج امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر دوسرا دور مذاکرات ہوگا۔

 

ٹرمپ نے ایرانی مذاکرات کاروں کو سخت ڈیلرز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ لچک دکھائیں گے۔

 

 پچھلے سال مذاکرات ناکام ہونے کے بعد امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے۔

 

مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور بورڈ آف پیس اجلاس کے حوالے سے سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ یہ عمل غزہ سے آگے جائے گا اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ بورڈ اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرے۔

 

 غزہ میں غیر ملکی میڈیا پر اسرائیل کی پابندیوں کے بارے میں انہوں نے براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا، تاہم کہا کہ جلد بہت سی پابندیاں اٹھائی جائیں گی۔

 

 صدر نے مزید کہا کہ کہیں کہیں تناؤ موجود ہے، مگر مجموعی طور پر خطے میں امن قائم ہے۔