خیبرپختونخوا پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، انتہائی مطلوب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 17 فروری 2026

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے کبل گرام کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک انتہائی مطلوب بھی شامل تھا۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں نور اسلام شامل تھا، جو فتنہ الخوارج کا سرغنہ اور اس کے سر پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ ایک دہشتگرد نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ 

 

کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے تین جوان مقبول احمد، فدا حسین، اور سعید الرحمان جام شہادت نوش کر گئے۔

 

دفاعی ماہرین نے کہا کہ کبل گرام میں دہشتگردوں کی موجودگی کسی بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی تصدیق کرتی ہے۔

 

 یہ ٹارگٹڈ آپریشن انسدادِ دہشتگردی کی حکمت عملی میں اہم پیش رفت ہے اور فتنہ الخوارج کے منظم نیٹ ورک کو مؤثر طور پر کمزور کر دیا ہے۔

 

ماہرین نے مزید کہا کہ یہ گروہ ماضی میں چینی باشندوں پر ہونے والے حملوں میں بھی ملوث تھا۔ 

 

شہید جوانوں کی قربانی قومی سلامتی کے تحفظ کی روشن مثال اور دہشتگردی کے خلاف ریاست کے غیر متزلزل عزم کا عملی ثبوت ہے۔