وفاقی وزیر داخلہ کی سری لنکن صدر سے ملاقات، انسداد دہشتگردی اور ویزہ امور پر تبادلہ خیال

news-banner

دنیا - 17 فروری 2026

 وفاقی وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اہم ملاقات کی، جس میں انسداد دہشتگردی، سکیورٹی تعاون اور پاکستانی شہریوں کے ویزہ مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

 

ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز، چوہدری سالک حسین اور پاکستانی ہائی کمشنر، میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیز بھی موجود تھے۔

 

وزیر داخلہ نے پاکستانیوں کے ویزوں میں مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو تمام پابندی والے ویزہ لسٹوں سے نکالنے کا حکم دیا۔

 

صدر ڈسانائیکے نے بتایا کہ سری لنکا کی وزیراعظم کو بہت جلد پاکستان کے دورے پر بھیجا جائے گا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، منشیات کی روک تھام اور فورسز کی مشترکہ تربیت پر بھی بات ہوئی۔

 

محسن نقوی نے پاک-سری لنکا تعلقات کے فروغ میں صدر کے کردار کی تعریف کی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

 

سری لنکن صدر نے کولمبو میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بھارت کے خلاف میچ کے موقع پر پاکستان کے تعاون پر وزیر اعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔