ٹینڈر میں غیر ظاہر شدہ شرائط پر اضافی رقم مانگنا غیر قانونی قرار

news-banner

پاکستان - 17 فروری 2026

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ ٹینڈر اشتہار میں چھپی شرائط کی بنیاد پر اضافی رقم یا سیکیورٹی کا مطالبہ غیر قانونی اور من مانی ہے۔

 

جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے اپنا پہلا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹینڈر کے آغاز کے بعد قوانین یا شرائط بدلنا اصولوں کے خلاف ہے۔

 

 عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے فرنٹیئر ہائی وے اتھارٹی کی اپیل خارج کر دی۔

 

فرنٹیئر ہائی وے اتھارٹی نے مئی 2011 میں سڑک کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا، جس میں میسرز برادرز کنسٹرکشنز نے 138.65 ملین روپے کی لاگت پر کامیابی حاصل کی اور 2 فیصد بیعانہ جمع کروایا۔

 

 بعد میں اتھارٹی نے انجینئر کے تخمینے کا حوالہ دے کر 8 فیصد اضافی سیکیورٹی مانگی، جس پر کمپنی نے انکار کیا، تو بولی مسترد کر دی گئی، بیعانہ ضبط کیا گیا اور کمپنی کو چھ ماہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا گیا۔

 

عدالت نے واضح کیا کہ اشتہار میں ذکر شدہ لاگت سے تجاوز کر کے اضافی رقم مانگنا شفافیت کے اصولوں کے منافی ہے اور اس طرح کی من مانی کارروائی قانونی طور پر ناقابل قبول ہے۔