بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی: وزیراعظم

news-banner

دنیا - 17 فروری 2026

ویانا: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

 

ویانا میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام “پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو اس وقت جغرافیائی کشیدگی اور موسمیاتی دباؤ جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

 

تقریب میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے اداروں UNIDO، UNODC اور IAEA کے ساتھ تعاون کے اہم معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، جبکہ 2022 کے تباہ کن سیلاب اس کی واضح مثال ہیں۔

 

انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کو کثیر قطبی دنیا کے تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانا ہوگا اور جدید ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے فوائد پوری انسانیت تک پہنچنے چاہئیں، نہ کہ صرف چند مخصوص طبقات تک۔