بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی انٹیلی جنس کارروائیاں، دو مقابلوں میں 14 دہشت گرد ہلاک، 3 اہلکار زخمی

news-banner

پاکستان - 18 فروری 2026

بلوچستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

 

حکام کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔ 

 

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

 

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور تخریبی مواد برآمد کیا گیا۔

 

دوسری جانب ضلع بارکھان میں بھی سی ٹی ڈی نے ایک علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ 

 

اس کارروائی میں تمام سیکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔