چند دنوں میں ایران پر امریکی حملے کا خدشہ، اسرائیل میں سکیورٹی ہائی الرٹ

news-banner

دنیا - 19 فروری 2026

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، جہاں امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا آئندہ چند دنوں میں ایران کے خلاف محدود یا وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی پر غور کر رہا ہے۔

 

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ اس معاملے پر مسلسل مشاورت اور غور و فکر میں مصروف ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ کارروائی کے حوالے سے عسکری اور سفارتی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں امریکی افواج نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے ہنگامی الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

 

ممکنہ امریکی کارروائی کے خدشات کے باعث اسرائیل میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔

 

 اسرائیلی حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، قریبی بنکرز سے متعلق معلومات رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

 

اسرائیلی سکیورٹی اداروں کو خدشہ ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو تہران جوابی کارروائی کے طور پر میزائل حملے کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں پورے خطے میں شدید اور وسیع پیمانے پر کشیدگی پھیلنے کا امکان ہے۔