پنجاب میں خسرے کے کیسز میں اضافہ: چار ہفتوں میں 1695 مشتبہ مریض رپورٹ

news-banner

تازہ ترین - 19 فروری 2026

لاہور: صوبہ پنجاب میں سال 2026 کے ابتدائی چار ہفتوں کے دوران خسرے کے 1695 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے ڈی جی ہیلتھ سروسز کی جانب سے یہ رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی۔

 

خسرے سے اموات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے سلسلے میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے چار ہفتوں میں 330 کیسز لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے کنفرم ہو چکے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں خسرے کے 40 آؤٹ بریک الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔

 

اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں پنجاب میں خسرے کے 23,680 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 6,747 لیبارٹری سے تصدیق شدہ تھے، جبکہ اس سال 16 اموات ہوئیں۔

 

 اسی طرح 2025 میں 19,913 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے 4,000 کیسز کنفرم ہوئے اور 4 اموات رپورٹ کی گئیں۔

 

ڈی جی ہیلتھ سروسز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر نگرانی کے نظام کو مزید سخت کیا گیا ہے۔

 

 چیف سیکرٹری اور وزیر صحت کی سربراہی میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے ہیں اور متعلقہ اضلاع میں سرویلنس بڑھانے کے ساتھ ڈسٹرکٹ اور اسپتال سطح پر مانیٹرنگ مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ برس 17 سے 29 نومبر 2025 تک خسرہ ویکسینیشن مہم چلائی گئی تھی، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو مفت حفاظتی ٹیکے لگائے گئے تھے۔