ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر ہونے کا خدشہ

news-banner

کھیل - 21 فروری 2026

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے، تاہم موسمی حالات نے مقابلے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

 

یہ میچ آر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں شیڈول ہے، جو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ 

 

موسم پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس کے مطابق میچ کے دوران 75 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

بارش کی صورت میں نہ صرف شائقین ایک سنسنی خیز مقابلے سے محروم رہ سکتے ہیں بلکہ دونوں ٹیموں کو بھی اہم پوائنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ 

 

اگر بارش کے باعث دونوں ٹیمیں فی اننگز کم از کم پانچ اوورز بھی نہ کھیل سکیں تو میچ منسوخ قرار پائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے مختص نہیں کیا، جس کے باعث بارش ٹورنامنٹ کے نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔