صائم ایوب کی فارم نے لوٹ آئی تو پاکستان ناقابلِ شکست ہو سکتا ہے: رکی پونٹنگ

news-banner

کھیل - 21 فروری 2026

سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے سے قبل پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو ٹیم کے لیے فیصلہ کن کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔

 

ایک انٹرویو میں رکی پونٹنگ نے صائم ایوب کا موازنہ جنوبی افریقا کے جارح مزاج بیٹر ڈیوالڈ بریوس سے کرتے ہوئے کہا کہ صائم میں وہ صلاحیت موجود ہے جو اکیلے میچ کا رخ بدل سکتی ہے۔ 

 

ان کے مطابق اگر صائم ایوب بیٹنگ میں تسلسل حاصل کر لیں تو پاکستان کو شکست دینا کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں رہے گا۔

 

اگرچہ موجودہ ٹورنامنٹ میں صائم ایوب کی کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے، تاہم انہوں نے مختلف میچز میں آل راؤنڈر صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ 

 

نیدرلینڈز کے خلاف 24 رنز اور 2 وکٹیں حاصل کیں، امریکا کے خلاف 19 رنز بنائے، بھارت کے خلاف صرف 6 رنز کے باوجود 3 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ نمیبیا کے خلاف 14 رنز بنا سکے۔

 

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کھیلے گئے آخری 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صائم ایوب نے 142 رنز بنانے کے ساتھ 8 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو واضح کرتا ہے۔

 

واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ اے میں تین فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور اب سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا۔