تازہ ترین - 06 مارچ 2026
اسرائیل کا ایران کے خلاف جنگ کے اگلے مرحلے کے آغاز کا اعلان
دنیا - 06 مارچ 2026
اسرائیل نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے اگلے مرحلے کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں ایسی کارروائیاں کی جائیں گی جو حیران کن ہو سکتی ہیں، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
ان کے مطابق اس مرحلے کا مقصد ایران کی باقی ماندہ قیادت اور فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے۔
اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اصفہان میں ایران کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ قم میں ایک بیلسٹک میزائل لانچر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 230 تک پہنچ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں میناب اسکول کی طالبات کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ایران اور حزب اللہ کے جوابی حملوں میں 11 اسرائیلیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی جوابی حملوں میں 6 امریکی فوجی بھی مارے گئے۔
لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے دوران 77 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کویت میں دو فوجیوں سمیت چار افراد جان سے گئے۔
اسی دوران بحرین اور عمان میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں ایک ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ حالیہ کشیدگی کے دوران متحدہ عرب امارات میں بھی تین افراد کی ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔
دیکھیں

