بابر اعظم کو ٹیم سے نکالا گیا یا آرام دیا گیا؟ محمد عامر نے وضاحت مانگ لی

news-banner

کھیل - 06 مارچ 2026

پاکستان کے سابق تیز گیند باز محمد عامر نے بنگلا دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے اعلان کیے گئے دستے میں بابر اعظم اور صائم ایوب کو شامل نہ کرنے پر انتخاب کنندگان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

 

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ آیا بابر اعظم اور صائم ایوب کو کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے یا انہیں صرف آرام دیا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہونا چاہیے کہ کیا انہیں مختصر دورانیے کے مقابلوں میں کارکردگی کی بنیاد پر ایک روزہ ٹیم سے نکالا گیا ہے یا صرف اس طرز کے کھیل سے وقتی آرام دیا گیا ہے۔

 

محمد عامر نے مزید کہا کہ اگر دونوں کھلاڑیوں کو واقعی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے تو پھر واپسی کے لیے انہیں ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کا موقع کہاں ملے گا۔

 

دوسری جانب سابق قومی بلے باز احمد شہزاد نے بھی اس فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا بابر اعظم کو ٹیم سے نکالنے سے پہلے اعتماد میں لیا گیا تھا۔ 

 

ان کے مطابق بابر اعظم اب بھی ایک روزہ اور طویل دورانیے کی کرکٹ میں پاکستان کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔

 

یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پندرہ رکنی دستے کا اعلان کیا جس میں بابر اعظم اور صائم ایوب شامل نہیں تھے جبکہ بورڈ نے ان کی عدم شمولیت کی واضح وجہ بھی بیان نہیں کی۔

 

اس دستے میں چھ نئے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جبکہ ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ 

 

پاکستانی ٹیم 8 مارچ کو بنگلا دیش پہنچے گی جبکہ سیریز کا پہلا میچ 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا اور آخری مقابلہ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔