پاکستان کو عالمی منڈی سے ایندھن خریدنے میں مشکلات، پی ایس او کے ٹینڈر پر کوئی بولی نہ آئی

news-banner

کاروبار - 10 مارچ 2026

پاکستان کو عالمی منڈی سے ایندھن کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ Pakistan State Oil (پی ایس او) پیٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول کی خریداری کے لیے جاری عالمی ٹینڈر پر سپلائرز کو متوجہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔

 

انڈسٹری ذرائع کے مطابق تین آئل ٹینکرز کی سپلائی کے لیے کسی عالمی کمپنی نے دلچسپی ظاہر نہیں کی، جس کے باعث ایندھن کی فراہمی کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

 

دستاویزات کے مطابق ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی نے پیٹرول کی خریداری کے لیے ایک اور ہنگامی عالمی ٹینڈر جاری کیا ہے۔ 

 

اس ٹینڈر کے تحت تقریباً 15 کروڑ لیٹر پیٹرول خریدنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ بولیاں 13 مارچ کو کھولی جائیں گی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک نجی آئل کمپنی کو بھی عالمی منڈی سے ایندھن خریدنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ عالمی سطح پر طلب زیادہ ہے اور پیٹرول پر تقریباً 25 ڈالر پریمیم وصول کیا جا رہا ہے۔

 

اس کے علاوہ تیل بردار جہازوں کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو چار گنا تک بڑھ چکے ہیں، جبکہ وار رسک پریمیم بھی کافی زیادہ ہو گیا ہے، جس سے ایندھن کی درآمد مزید مہنگی ہو گئی ہے۔