لیاری 5 منزلہ عمارت زمین بوس: 6 افراد جاں بحق، متعدد ملبے تلے دبے، ریسکیو آپریشن جاری

پاکستان - 04 جولائی 2025
کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں جمعرات کو ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ اب تک 12 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو، پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ علاقہ مکین بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
ریسکیو اداروں کی صورتحال
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے 25 سے 30 افراد دبے ہو سکتے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
ایدھی ذرائع کے مطابق اب تک 5 لاشیں اور 6 زخمی ملبے سے نکالے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت میں 6 خاندان مقیم تھے جبکہ ملحقہ دو اور سات منزلہ عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
چیلنجز اور مشکلات
تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری کی رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم امدادی ادارے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
عمارت کے گرنے سے پہلے اس کی حالت انتہائی خستہ تھی، اور عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں دیگر کئی عمارتیں بھی مخدوش حالت میں موجود ہیں۔
پولیس کا ردعمل
کراچی پولیس نے عمارت کے مالک کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
جناح اور سول اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا سکے۔
حکومتی ردعمل
صدر و وزیراعظم کا اظہار افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سانحے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر بلدیات اور گورنر سندھ کی ہدایات
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کو فوری ریسکیو کرنے اور اطراف کی تمام رکاوٹیں ختم کرنے کی ہدایت کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امدادی اداروں کو فوری، منظم اور ہم آہنگ کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی کارروائی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے شہر بھر میں موجود خستہ حال عمارتوں کی تفصیلات فوری طلب کر لی ہیں۔
انہوں نے ہدایت دی ہے کہ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔