پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ، اقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھل گئیں

پاکستان - 04 جولائی 2025
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ اہم معاہدہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں طے پایا، جس کی تقریب میں وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائل جباروف نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستانی وفد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھا۔
معاہدے پر دستخط آذربائیجان کے شہر خانکندی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آذری صدر کی خوشگوار ملاقات کے بعد ہوئے، جبکہ حتمی اور تفصیلی معاہدے پر دستخط آذری صدر کے دورہ پاکستان کے دوران کیے جائیں گے۔
یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا، اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ آذربائیجان سے قبل نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ، پاکستانی سفارتی مشن اور مختلف سطح کے وفود نے معاہدے کے تمام پہلوؤں کو حتمی شکل دی۔
دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور مزید تبادلہ خیال پر بھی اتفاق کیا ہے، جس سے مستقبل میں تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔