آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیشرفت

news-banner

کاروبار - 12 مارچ 2026

عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جاری معاشی مذاکرات میں مثبت اور حوصلہ افزا پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ان مذاکرات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

 

آئی ایم ایف کی جانب سے 25 فروری سے 11 مارچ تک پاکستان اور فنڈ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان مختلف معاشی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

 

فنڈ کے مطابق پاکستان نے اصلاحات کے ایجنڈے پر قابل ذکر پیشرفت کی ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات میں بھی بہتری آئی ہے۔ آئی ایم ایف نے ان شعبوں میں پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

 

تاہم سات ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی پروگرام کے تحت آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان ابھی تک اسٹاف لیول معاہدہ طے نہیں پا سکا۔

 

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف نظرثانی شدہ معاشی اور مالیاتی فریم ورک پر اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

 

 پروگرام پر عملدرآمد مجموعی طور پر طے شدہ اہداف اور وعدوں کے مطابق رہا ہے جبکہ مالیاتی خسارہ کم کرنے اور سرکاری مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

 

مذاکرات کے دوران توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیل سے بات ہوئی۔

 

 اس کے علاوہ سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اخراجات بڑھانے کے معاملے پر بھی پاکستانی معاشی ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 

 مذاکرات میں مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے معاشی اثرات اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات بھی زیر بحث آئے۔