دنیا - 12 مارچ 2026
پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی پیش کردہ قراردادوں کی حمایت کردی
پاکستان - 12 مارچ 2026
پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں اور ایران پر کیے گئے حملوں نے عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر ہونے والے حملے فوری طور پر بند ہوں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادی کو متاثر نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو جنگ کے سنگین نتائج کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا اور پاکستان ان ممالک کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عاصم افتخار کے مطابق پاکستان روسی فیڈریشن کی جانب سے پیش کیے گئے مسودہ قرارداد کو بھی مثبت انداز میں دیکھتا ہے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روسی قرارداد کا مقصد فریقین پر زور دینا ہے کہ وہ فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکیں، کشیدگی میں اضافہ سے گریز کریں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف پاکستان کے مجموعی نقطہ نظر کے مطابق ہے۔
دوسری جانب سلامتی کونسل نے ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف ایک قرارداد منظور کر لی ہے جس میں ایران سے خلیجی ریاستوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسی اجلاس میں روس کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی قرارداد منظور نہ ہو سکی۔
اس قرارداد کے حق میں چار اور مخالفت میں دو ووٹ ڈالے گئے جبکہ نو ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
دیکھیں

