دنیا - 12 مارچ 2026
اسرائیلی حملوں سے لبنان میں 634 شہری جاں بحق، 8 لاکھ سے زائد بے گھر
دنیا - 12 مارچ 2026
بیروت: اسرائیل کی لبنان میں جاری دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک 634 شہری جاں بحق اور 8 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
لبنان کے وزیر صحت رکان ناصر الدین نے بتایا کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تقریباً دس روزہ جنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 91 بچے اور 47 خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے 1500 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی۔
سماجی امور کی وزیر حنین السید نے بتایا کہ سرکاری طور پر رجسٹرڈ بے گھر ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 16 ہزار ہو گئی ہے، جن میں سے ایک لاکھ 26 ہزار افراد پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔
اسرائیلی فضائی حملے اور ڈرون آپریشنز جنوبی اور مشرقی لبنان کے متعدد علاقوں میں جاری ہیں۔ جنوبی لبنان کے قصبوں بیت یاحون، کونین، قبریخا، طیر حرفا، مجدل زون، کفرا اور یاطر پر اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کی۔
دو اسرائیلی ڈرونز نے حناویہ اور حارص میں موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔
لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایک ڈرون نے مشرقی لبنان میں مغربی بعلبک کے بودای علاقے میں ایک چھوٹی مال بردار گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے بعد جنوبی لبنان کے مختلف قصبوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دیا گیا۔
اسرائیلی فضائیہ نے تولین اور قبریخا کے قصبوں پر بھی حملے کیے اور زبقین کے مضافات میں شدید توپ خانے کی فائرنگ کی۔
یہ حملے حزب اللہ کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے مبینہ ہلاکت کے جواب میں اسرائیل پر راکٹ داغنے کے بعد شروع ہوئے۔
اسرائیل اس کے بعد لبنان میں وسیع پیمانے پر فضائی حملے کر رہا ہے اور جنوبی علاقوں میں اپنی افواج بھی داخل کر چکا ہے۔
دیکھیں

