تازہ ترین - 13 مارچ 2026
چیا سیڈز ہر کسی کیلئے مفید نہیں: طبی ماہرین کی اہم وارننگ
تازہ ترین - 13 مارچ 2026
ماہرینِ صحت کے مطابق چیا سیڈز غذائیت سے بھرپور ہیں مگر کچھ افراد کو انہیں استعمال کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے۔
چیا سیڈز (تخمِ داؤدی) کو صحت بخش غذا سمجھا جاتا ہے کیونکہ ان میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، فائبر، پروٹین، وٹامنز اور معدنیات بڑی مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔
یہ ہاضمہ بہتر بنانے، جسم میں سوزش کم کرنے اور وزن کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ماہرینِ معدہ کے مطابق اگرچہ یہ بیج زیادہ تر افراد کے لیے فائدہ مند ہیں، تاہم کچھ لوگوں کو انہیں استعمال کرتے وقت احتیاط کرنی چاہیے یا مکمل پرہیز کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کے مطابق نگلنے میں مشکل محسوس کرنے یا غذائی نالی کی تنگی کے مریضوں کو چیا سیڈز خشک حالت میں نہیں کھانے چاہئیں کیونکہ پانی میں بھگونے کے بعد یہ کئی گنا پھول جاتے ہیں اور غذائی نالی میں پھنسنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اسی طرح آئی بی ایس کے مریضوں میں زیادہ فائبر لینے سے پیٹ پھولنا، گیس اور درد بڑھ سکتا ہے۔
خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے افراد کو بھی زیادہ مقدار لینے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے کیونکہ چیا سیڈز میں موجود اومیگا تھری خون کو مزید پتلا کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید ہاضمے کے مسائل یا موٹیلٹی ڈس آرڈرز کے مریضوں اور بیجوں سے الرجی رکھنے والے افراد کو بھی احتیاط برتنی چاہیے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ چیا سیڈز استعمال کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پہلے انہیں پانی، دہی یا اسموتھی میں بھگو لیا جائے اور ابتدا میں ایک کھانے کے چمچ سے آغاز کیا جائے، بعد میں مقدار دو چمچ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
دیکھیں

