شہباز شریف اور ایرانی صدر پیزشکیان کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر اطمینان، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان - 04 جولائی 2025
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر خانکیندی میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور اپنی گزشتہ ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اسرائیل کی ایران کے خلاف بلاجواز جارحیت کے تناظر میں خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر پیزشکیان کی قیادت کو سراہتے ہوئے حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو قابل تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ایران کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
صدر مسعود پیزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران ایران کی حمایت میں پاکستان کے مؤقف کو سراہا اور عالمی سطح پر ایران کے دفاع میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔