تازہ ترین - 26 مارچ 2026
پی ایس ایل 11: دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا فاتحانہ آغاز، حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز سے شکست
کھیل - 26 مارچ 2026
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کا آغاز ہو گیا ہے اور افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز سے شکست دے کر لیگ میں شاندار آغاز کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد نعیم نے 30 رنز کا ساتھ دیا۔
مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ نے ناقابلِ شکست 40 رنز اسکور کیے۔
سکندر رضا 24 اور آصف علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہین آفریدی 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے میریڈتھ اور حسان خان نے 2، 2 جبکہ محمد علی نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کی ٹیم لاہور کی مضبوط بولنگ کے سامنے 20 اوورز میں صرف 130 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
حیدرآباد کے کپتان مارنس لبوشین نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے۔
صائم ایوب 17، حسان خان 14 اور حماد اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رائیلی میریڈتھ نے ناٹ آؤٹ 19 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی آخری وکٹ سنبھالی۔
قلندرز کی جانب سے عبید شاہ، سکندر رضا اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی اور متفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کرکٹ کے شائقین اپنے پسندیدہ ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں، لیکن اس بار میچز صرف ٹیلی ویژن اور لائیو اسٹریمنگ پر دیکھے جا رہے ہیں۔
خطے میں جاری کشیدگی اور توانائی بحران کے پیش نظر حکومتی فیصلے کے مطابق گراؤنڈ میں شائقین کو داخل نہیں کیا گیا۔
دیکھیں

