روم میں پیٹرول اسٹیشن پر زور دار دھماکہ، 27 افراد زخمی، تحقیقات جاری

news-banner

دنیا - 04 جولائی 2025

اٹلی کے دارالحکومت روم کے مشرقی ضلع پرینیستینو میں ایک پیٹرول اسٹیشن پر ہونے والے زور دار دھماکے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 10 پولیس اہلکار، ایک فائر فائٹر اور پیٹرول پمپ کا منیجر بھی شامل ہے۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

 

واقعہ جمعے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بجے پیش آیا، جب ایک ٹرک پیٹرول پمپ پر فیول ٹینک بھرتے ہوئے پائپ لائن سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں گیس کا اخراج ہوا، آگ بھڑکی اور پھر زور دار دھماکہ ہوا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار موقع پر فوری پہنچے، تاہم کچھ اہلکار خود بھی دھماکے کی زد میں آ گئے۔

 

تباہی کی شدت

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ ایک قریبی ڈپو میں آگ لگ گئی۔ متاثرہ پیٹرول اسٹیشن مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس کی تصاویر مقامی میڈیا اور فائر ڈیپارٹمنٹ نے جاری کیں۔ روم ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد بلند شعلے اور دھواں فضا میں بلند ہوتا رہا۔

 

مقامی انتظامیہ اور رہنماؤں کا ردعمل

روم کے میئر روبرٹو گوالتیئری نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ فیول ٹینک بھرنے کے دوران پیش آیا۔ پیٹرول پمپ ENI برانڈ کے تحت کام کر رہا تھا، تاہم کمپنی نے وضاحت دی ہے کہ اسٹیشن ان کی ملکیت نہیں۔

دھماکے کے وقت پیٹرول اسٹیشن کے سامنے موجود ایک اسپورٹس سینٹر میں بچوں کا سمر کیمپ جاری تھا، جسے بروقت خالی کرا لیا گیا، اور تمام بچے محفوظ رہے۔

 

عالمی ردعمل اور تحقیقات

پوپ لیو چہاردہم نے سوشل میڈیا پر متاثرین کے لیے دعا کرتے ہوئے واقعے کو ’’پریشان کن‘‘ قرار دیا، جبکہ وزیراعظم جارجیا میلونی بھی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن مکمل کولنگ اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔