بغیر بانی پی ٹی آئی کی اجازت مذاکرات ممکن نہیں، علی محمد خان کا مؤقف

پاکستان - 04 جولائی 2025
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان" میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے بتایا کہ پارٹی کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں احتجاج سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پورے ملک میں پرامن احتجاج کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور پارٹی قیادت کے درمیان فاصلے ہیں اور سیاسی رہنماؤں کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر کو بھی بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، اور سوال کیا کہ اگر ہم بانی چیئرمین سے نہیں مل سکتے تو مذاکرات کیسے ممکن ہوں گے؟
انہوں نے زور دیا کہ مذاکرات کے لیے بانی چیئرمین سے ملاقات ضروری ہے اور بغیر ان کی اجازت کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔