سندھ میں مخدوش عمارتوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ: سعید غنی

news-banner

پاکستان - 04 جولائی 2025

وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کو خالی کرانے کی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے گی تاکہ ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے بتایا کہ متعلقہ عمارتوں کے مکینوں کو چار سے پانچ بار نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل بھی متعلقہ افسران نے عمارتیں خالی کرانے کی کوشش کی، تاہم انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

 

سعید غنی نے وضاحت کی کہ اگر حکومت زبردستی انخلا کراتی تو اسے سخت تنقید کا سامنا ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 میں گرنے والی ایک عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا گیا تھا، اور کے-الیکٹرک کو اس عمارت کی بجلی منقطع کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ لیاری جیسے گنجان آباد علاقوں میں خطرناک عمارتوں کا معاملہ سنگین ہے۔ صرف لیاری میں 107 خستہ حال عمارتیں موجود ہیں، جن میں سے 22 عمارتیں مکمل طور پر ناقابل رہائش قرار دی جا چکی ہیں، اور ان کو خالی کرانے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

 

سعید غنی نے مزید بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا میں مجموعی طور پر 456 خطرناک عمارتیں ہیں، اور ان تمام عمارتوں کو خالی کرانے کے لیے اب مہم تیز کی جا رہی ہے۔